سرسی ،5 / مارچ (ایس او نیوز) شادی کی دعوت دینے کے بہانے گھر میں داخل ہونے کے بعد چاقو سے حملہ کرکے لوٹنے کی کوشش کا ایک معاملہ منڈیمنے کے رہنے والے جی آر ہیگڈے کے ساتھ پیش آیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ ایک اجنبی شخص نے رات کے وقت ہیگڈے کے گھر پہنچ کر شادی کا دعوت نامہ دینے کی بات کہتے ہوئے دروازہ کھولنے کی درخواست کی ۔ شہر کا کوئی شخص یا دور کا رشتہ دار سمجھ کر ہیگڈے نے جیسے ہی دروازہ کھولا تو اس پر اجنبی شخص نے چاقو سے حملہ کر دیا ۔ اس حملہ میں ہیگڈے کا ہاتھ زخمی ہوگیا ۔ شور سن کر ہیگڈے کا بیٹا اندر سے باہر نکلا اور گھر میں موجود بندوق نکالتے ہوئے حملہ آور کی طرف بڑھا تو چور موقع پر سے بھاگ گیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ اس واقعہ کا پورا منظر سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا ہے اور اس کی فوٹیج سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے ۔ سرسی دیہی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا ہے ۔ مزید تحقیقات جاری ہے ۔